وزیر اعظم کے دورہ قطر کا اعلامیہ جاری، اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق
11-01-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہبازشریف کے دورہ قطر کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی ہے، الدیوان الامیری پہنچنے پر امیر قطر نے وزیرا عظم اور ان کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے پرتپاک استقبال اور فراخدلی سے مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور موجودہ تعاون کو بڑے پیمانے پر فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں قطر کی ریاست کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مسلسل معاونت کو سراہتے ہوئے پاکستان میں اہم اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم کے دورہ قطر پر جاری مشترکہ اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں سرمایہ کاری اور تجارت پر خصوصی زور دیا گیا اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق دونوں فریقین نے گزشتہ سرمایہ کاری کے وعدوں کے تناظر میں پاکستان میں متعدد شعبوں میں اہم مواقع پر تبادلہ خیال کیا، باہمی دلچسپی کی اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی اہمیت اور اقتصادی شراکت داری کو بڑھانے، تجارتی تبادلے میں اضافے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی دونوں فریقین کی خواہش پر زور دیا۔ قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے اور معیشت سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی تبادلوں میں تعاون کی مختلف راہیں تلاش کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی تعاون کے ضمن میں قطر کے کردار پر اظہار تشکر کیا، انہوں نے قطر میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد کی موجودگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ دونوں ممالک کو جوڑنے والے پل کا کام کرتا ہے۔