پنجاب میں کاشتکاروں کیلئے نواز شریف گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز
11-01-2024
(لاہور نیوز) پنجاب میں 12 سال بعد کاشتکاروں کیلئے نواز شریف گرین ٹریکٹر سکیم کا آغاز ہو گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام کی ڈیجیٹل بیلٹنگ کر دی، اوکاڑہ کے محمد یاسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے پہلے کاشتکار بن گئے، چکوال کے طالب حسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے دوسرے کاشتکار جبکہ ڈیرہ غازی خان کے غلام اکبر گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تیسرے کاشتکار بنے۔ مریم نواز شریف نے سکیم کے تحت گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تمام کاشتکاروں کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا سکیم کے تحت 9500 کاشتکاروں کو ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی ملے گی، اوکاڑہ میں 339، چکوال میں 111 اور ڈی جی خان میں بھی 276 کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر دئیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سکیم کے تحت دیئے جانے والے 4 اقسام کے گرین ٹریکٹرز کا معائنہ کیا، انہوں نے ٹریکٹر پر سوار ہو کر اس کی خصوصیات کا جائزہ لیا اور ٹریکٹر ڈرائیونگ کو خوشگوار تجربہ قرار دیا، صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے گرین ٹریکٹر سکیم سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کرتے ہوئے کہا 25 سے 50 ایکڑ اراضی پر گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار گرین ٹریکٹرز بالکل مفت بذریعہ قرعہ اندازی دیں گے، پنجاب میں زراعت کو جدید دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔