جعلی پاکستانی پاسپورٹ بنانے میں ملوث 34 افغان شہری گرفتار
11-01-2024
(لاہور نیوز) ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنانے میں ملوث 34 افغان شہری گرفتار کر لئے۔
افغان شہریوں کا جعلی پاکستانی شناختی کارڈ پر پاکستان سے بیرون ملک جانے کا انکشاف ہو گیا، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے رضوان شاہ نے بتایا جعلی پاکستانی پاسپورٹ بنانے پر 34 افغان شہری گرفتار کئے ہیں، ملزمان چمن کے راستے پاکستان میں داخل ہوئے، جعلی قومی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بنوا کر بیرون ملک جا رہے تھے، ملزمان نے پاکستان داخلے کے فی کس 12 ہزار روپے ادا کئے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے کا کہنا تھا دو مشتبہ غیرملکیوں کی گرفتاری کے بعد ہاسٹل پر چھاپہ مارا گیا، ہاسٹل سے مزید 32 غیرملکی گرفتار ہوئے جن سے پاکستانی جعلی شناختی کارڈ، افغان پاسپورٹ و دیگر دستاویز برآمد کر لیں ہیں، گرفتار غیرملکیوں میں نوجوان اور کم سن لڑکے شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان ایجنٹ کے ذریعے جعلی پاکستانی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ایجنٹ کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں، ملزمان کا جعلی پاکستانی شناختی کارڈ اور پاسپورٹ پر گلف ممالک جانے کا منصوبہ تھا۔