انسداد سموگ: ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں ڈس انفیکٹڈ واٹر سے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ

11-01-2024

(لاہور نیوز) سموگ کے خاتمے یا کمی کیلئے وزیراعلیٰ کے ملٹی سیکٹورل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد جاری ہے۔

 سینئر  صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر لاہور کے سموگ ہاٹ سپاٹ ایریا شملہ پہاڑی میں ڈس انفیکٹڈ واٹر سے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاٶ کیا جا رہا ہے، اس اقدام کا مقصد علاقے میں سموگ کے اثرات کو کم کرنا اور فضائی آلودگی میں کمی لانا ہے، ایبٹ روڈ، گلستان چوک، حاجی کیمپ، ایمپرس روڈ اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی (مسٹ کوئین) پانی کے چھڑکاٶ کے ذریعے سڑکوں کو ڈس انفیکٹ کیا جا رہا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا شملہ پہاڑی کی گرین رنگ میں جہاں فضائی آلودگی زیادہ ہو وہاں فوری اطلاع دینے کے لئے 1373 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے، وزیراعلیٰ کی جانب سے سموگ سے نمٹنے کیلئے گرین لاک ڈاؤن پالیسی پر بھی سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا حاجی کیمپ اور ایمپریس روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کیلئے آپریشن کیا گیا، 200 ریڑیاں تحویل میں لیں اور عارضی شیڈز گرا دیئے گئے، ٹریفک جام کی وجہ، قابل مرمت سڑکوں کے پیچ ورک کا کام جاری ہے، سپیشل سرویلنس ٹیمیں ٹریفک کی روانی پر کام کر رہے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے بتایا کہ شملہ پہاڑی کی گرین رنگ میں پلانٹیشن کا عمل بھی جاری ہے، شہریوں کو چاہئے کہ وہ کارپولنگ کا طریقہ اختیار کریں اور سڑکوں پر گاڑیوں کی تعداد کو کم سے کم رکھیں، نادرا آفس کے باہر اور دیگر جگہوں پر پارکنگ کو شفٹ کر دیا گیا، ای پی اے لیب کی ٹیم باقاعدہ طور پر ایمپرس روڈ پر واقع دفاتر میں پاور جنریٹرز کے گیسز ایمیشن کی مانیٹرنگ کر رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سکوارڈز  نے شہر میں بڑے پیمانے پر کوڑے کو لگی آگ کو بجھایا، 3 ایف آئی آرز درج کی گئیں ، کل شام آپریشن کرکے شملہ پہاڑی گرین رنگ میں تمام اوپن بار بی کیو پوائنٹس کو بند کر دیا گیا، سکوارڈز  رات بھر سرویلنس کرتے رہے۔