پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے سر پر تبادلے کے باڈل منڈلانے لگے

10-31-2024

(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے تبادلے کا امکان بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی میں تبدیلیوں کی آندھی چل چکی ہے، گزشتہ روز پی ایس ایل ڈائریکٹر صہیب شیخ اور ہیڈ آف ویمنز کرکٹ تانیہ ملک کے استعفے سامنے آ گئے، ہائی پرفارمنس سینٹر، انٹرنیشنل کرکٹ اور میڈیا ڈپارٹمنٹ میں بھی جلد اہم تبدیلیاں متوقع ہیں،البتہ ان سب کے ساتھ سب سے اہم فیصلہ سی او او سلمان نصیر کا تبادلہ ہے۔ ذرائع کے مطابق انھیں ڈائریکٹر پی ایس ایل کی ذمہ داری سنبھالنے کی پیشکش کر دی گئی ہے، یہ پوسٹ صہیب شیخ کے جانے سے خالی ہو چکی ہے جبکہ سینئر بیوروکریٹ کو سی او او بنانے کی تجویز ہے، اس حوالے سے جلد اعلانات متوقع ہیں۔ یاد رہے کہ سلمان نصیر کو فروری2019  میں ترقی دیتے ہوئے سینئر منیجر لیگل سے سی او او بنا دیا گیا تھا،اس وقت 8 لاکھ 25 ہزار روپے کے اضافے سے ان کی ماہانہ تنخواہ 10 لاکھ روپے سے زائد ہوگئی تھی۔ اس پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی میں پیش کردہ پی سی بی کی آڈٹ رپورٹ میں بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے لکھا گیا تھا کہ پوسٹ کا کوئی اشتہار جاری کیا گیا نہ ہی بورڈ نے تعلیم، تجربے اور عمر کو اہمیت دی، یہ ترقی قوائد کے برخلاف نظر آتی ہے۔ اسی رپورٹ کے مطابق سلمان نصیر 5 ستمبر 2011 کو منیجر لیگل کی حیثیت سے پی سی بی میں کنٹریکٹ پر ملازم ہوئے،ان کی تنخواہ 90 ہزار روپے مقرر ہوئی تھی،اس دوران مختلف پوزیشنز پر ترقیاں ہوتی رہیں اورتنخواہ میں بھی بے تحاشا اضافہ ہوا،آڈٹ رپورٹ میں اس پر بھی اعتراض اٹھایا گیا لیکن پی سی بی نے کوئی ایکشن نہیں لیا تھا۔