تعمیراتی شعبے کے فروغ اور دستاویزی بنانے کیلئے آئندہ ماہ کنسٹرکشن پیکیج لانے کی تیاری

10-31-2024

(مدثر علی رانا) حکومت کی جانب سے تعمیراتی شعبے کے فروغ اور دستاویزی بنانے کیلئے آئندہ ماہ کنسٹرکشن پیکیج لائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کنسٹرکشن پیکیج آئی ایم ایف کی منظوری سے ہی متعارف کرایا جائے گا، پرائم منسٹر کنسٹرکشن پیکیج میں ٹیکسوں کی کوئی ایمنسٹی نہیں ہو گی، پرائم منسٹر کنسٹرکشن پیکیج میں تعمیراتی شعبے کو سہولیات دی جائیں گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کنسٹرکشن پیکیج کے تحت کثیر المنزلہ عمارتوں کی تعمیر کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، پرائم منسٹر کنسٹرکشن پیکیج میں گھروں کی چھتوں پر رہائش بنانے کی چھوٹ دی جا سکتی ہے، پیکیج میں دو منزلہ عمارت پر تیسری منزل بنانے کی سہولت بھی دی جا سکتی ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پرائم منسٹر کنسٹرکشن پیکیج میں سستے گھروں کی تعمیر کیلئے فنانسنگ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، پیکیج میں نقشوں کی فیس کم کرنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔