فیمنزم پر یقین نہیں رکھتی، عورت کو گھر میں ہی رہنا چاہیے: مائرہ خان
10-31-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان شوبز انڈسٹری کی ماڈل و اداکارہ مائرہ خان نے کہا ہے کہ وہ فیمنزم پر زیادہ یقین نہیں رکھتی ہیں، ان کا ماننا ہے کہ عورت کو گھر میں ہی رہنا چاہیے۔
مائرہ خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔ پروگرام میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عورت ہیں، وہ کسی سے اظہار محبت نہیں کرسکتیں، یہ کام لڑکے کو ہی کرنا ہوگا۔ اس پر میزبان نے کہا کہ کچھ عرصہ قبل مہم چلی تھی کہ مرد اور خاتون ایک ہیں، جس پر مائرہ خان نے کہا کہ وہ ہیش ٹیگ فیمنزم پر اتنا یقین نہیں رکھتیں، ان کا ماننا ہے کہ عورت کو گھر کے اندر ہی رہنا چاہیے اور اسے گھر کے اندر ہی ساری سہولتیں فراہم کی جانی چاہیے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ خواتین کو اپنا، گھر کا اور بچوں کا خیال رکھنے پر توجہ دینی چاہیے، انہیں شاپنگ کرنی چاہیے، انہیں پیسے ملتے رہیں اور وہ انہیں خرچ کرتی رہیں۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جب سے ہیش ٹیگ فیمنزم اور ہیش ٹیگ فیمنسٹ آیا ہے، تب سے ہر کوئی نعرے لگا رہا ہے کہ ہم برابر ہیں، ہم بھی کام کریں گے لیکن انہیں کام نہیں کرنا، وہ برابر نہیں۔ مائرہ خان کے مطابق وہ عورت ذات ہیں، وہ برابر نہیں ہیں، انہیں باہر جاکر کام بھی نہیں کرنا، کمائی کرکے انہیں ہاتھ میں پیسے دینا مرد کی ذمہ داری ہے۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ ان کی زندگی میں کوئی نہ کوئی ایسا مرد آئے گا جو انہیں کما کر دے گا اور وہ خرچ کرتی رہیں گی۔ مائرہ خان کی بات پر سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے ان کی بات سے اتفاق بھی کیا جبکہ بعض افراد نے ان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایسا ہے تو پھر وہ خود کیوں باہر ہیں اور کیوں کماتی نظر آتی ہیں؟