ضلعی انتظامیہ لاہور کی کارروائی، جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار
10-31-2024
(لاہور نیوز) ضلعی انتظامیہ لاہور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار کر لئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ گراں فروشوں اور کرپٹ عناصر کے خلاف ان ایکشن ہے، ضلعی انتظامیہ نے شاد باغ کے علاقے میں تین جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ گرفتار کر لئے، جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ بھماں روڈ پر دکانداروں کو جرمانہ کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے، عارف، اسحاق اور عاطف کی دکانداروں نے نشاندہی کی۔ اسسٹنٹ کمشنر راوی زون طارق شبیر موقع پر پہنچے، جانچ پڑتال کے بعد جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو پولیس کے حوالے کر دیا، جعلی مجسٹریٹس پر دفعہ 419 کے تحت ایف آئی آرز درج ہیں، تینوں جعلی مجسٹریٹس کو گرفتاری کے بعد حوالات منتقل کر دیا گیا۔ ڈی سی سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سجین وسطرو نے آپریشن کی نگرانی کی، ضلعی انتظامیہ راوی زون نے کریک ڈاؤن کرتے ہوئے تین جعلی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرفتار کئے، جعلی مجسٹریٹس بھتہ خوری، گراں فروشی اور بلیک میلنگ سمیت دیگر جرائم میں ملوث تھے، ضلعی انتظامیہ ان عناصر کے خاتمہ کے لئے متحرک ہے۔ سید موسیٰ رضا کا کہنا تھا گراں فروشی اور مافیا کے خاتمہ کے لئے شہری تعاون کریں، دکانداروں کی اطلاع پر کئے جانے والے آپریشن میں جعلی مجسٹریٹس کی گرفتاری ممکن ہوئی، ہر قسم کے مافیا اور کرپٹ ناصر کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں۔