پی ٹی اے کا ایف آئی اے کے تعاون سے آپریشن، غیر قانونی سمیں اور ڈیوائسز برآمد
10-31-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی ایف آئی اے کے تعاون سے غیر قانونی سموں اور ڈیوائسز کے خلاف لاہور سمیت ملک بھر میں مہم جاری ہے۔
پی ٹی اے کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نجی فرنچائز پرکامیاب چھاپہ مارکر 14 فعال سمیں ، 25 مشتبہ سمیں، 5 بی وی ایس ڈیوائسز اور 3 موبائل فونزو دیگر غیر قانونی آلات قبضے میں لے لئے ہیں جبکہ موقع پر دو ریٹیلرز کو گرفتار کر کے ایجنسی کی جانب سے ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ اعلامہ میں مزید بتایا گیا کہ پی ٹی اے کے زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل لاہور کے تعاون سے بورے والا میں واقع نجی فرنچائز پر ایک کامیاب چھاپہ مارا ہے۔ یہ فرنچائز سموں کے غیر قانونی اجراء میں ملوث پائی گئی، ایف آئی اے کی ٹیم نے ثبوت کے طور پر برآمد شدہ سمیں اور ڈیوائسز کو قبضے میں لے لیا اور موقع پر دو ریٹیلرز کو گرفتار کرکے ایجنسی کی جانب سے ایف آئی آر درج کر لی گئی، ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کی جانب سے کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ یہ اقدام پی ٹی اے کی جانب سے ایف آئی اے کو سیلز چینل کے ذریعے سمز کی غیر قانونی فعالیت سے متعلق درج کردہ شکایت کا نتیجہ تھی۔ کریک ڈاؤن کا یہ تسلسل پی ٹی اے کی سموں کے غیر قانونی اجرا کی روک تھام کے لیے جاری کوششوں کا حصہ ہیں جس سے اتھارٹی کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔