وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا اقدام ،3200 صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کا فیصلہ
10-31-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا صحافی برادری کے لئے تاریخی اقدام، 3200 صحافیوں کو پلاٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی ملاقات ہوئی ، جس میں وزیراعلیٰ نے وزارت اطلاعات کو جرنلسٹ کالونی لاہور فیز ٹو کیلئے فوری اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صحافیوں کو پلاٹ کی جلد از جلد فراہمی کے لئے تمام قانونی تقاضے جلد پورے کرنے اور جرنلسٹ ہاؤسنگ سکیم فیز ٹو کی کارروائی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے کہا کہ صحافی اور حکومت ایک گاڑی کے دو پہیے ہیں، صحافیوں کو پلاٹ دے کر احسان نہیں کر رہے یہ انکا حق ہے، تمام صحافیوں کو میرٹ اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد پلاٹس دیئے جائیں گے۔ وزارت اطلاعات پنجاب نے لاہور پریس کلب کے علاوہ دیگر لاہور کے صحافیوں سے درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے اگلے دو تین روز میں باقاعدہ اشتہار جاری کیا جائے گا۔