آئی ایف ٹی سیزن تھری، پاکستانی فائٹرز نے 9 فائٹس اپنے نام کر لیں
10-31-2024
(لاہور نیوز) لاہور میں مکس مارشل آرٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام آئی ایف ٹی (انٹرنیشنل فائٹنگ ٹورنامنٹ) سیزن تھری میں پاکستانی فائٹرز چھائے رہے۔
لاہور میں مکس مارشل آرٹس فیڈریشن کی جانب سے آئی ایف ٹی سیزن تھری کا انعقاد ہوا، ایونٹ میں پاکستان، بھارت اور افغانستان کی ٹیموں نے شرکت کی، ایونٹ میں 8 بھارتی اور 3 افغانی ٖفائٹرز نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا، پاکستانی کھلاڑی پورے ایونٹ میں چھائے رہے، مختلف کیٹیگریز میں پاکستان کے 9 اور افغانستان کے دو فائٹرز فاتح قرار پائے جبکہ بھارت کا کوئی بھی فائٹر جیت نہ سکا۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان مکس مارشل آرٹس فیڈریشن شعیب افضل ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایونٹس کا مقصد نوجوانوں کے ٹیلنٹ میں نکھار پیدا کرنا ہے، جلد ہی ملکی سطح پر مکس مارشل آرٹس کے ایونٹس کروائے جائیں گے اور ملک بھر سے نوجوان اس کھیل میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ فاتح کھلاڑیوں نے گفتگو میں کہا کہ اس طرح کے انٹرنیشنل ایونٹس جیتنے کیلئے میدان میں اترنے سے قبل ہر کھلاڑی بہت محنت کرتا ہے، مہمان کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستان کی مہمان نوازی کی خوب تعریف بھی کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر فائٹس جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے، بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے پاکستان آنے پر شکریہ بھی ادا کیا گیا۔