ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی پاکستان کو قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے کروڑوں ڈالر قرض کی منظوری

10-30-2024

(ویب ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے پروگرام کے لیے 50 کروڑ ڈالر قرض فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

  اس حوالے سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق رقم ماحولیاتی اور قدرتی آفات سے تحفظ کے پروگرام پر خرچ کی جائے گی، پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ اے ڈی بی اعلامیے کے مطابق اے ڈی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری دے دی ہے، قرض کی رقم سے موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی آفات سے متاثرہ پاکستان میں منصوبہ بندی اور تیاری کے نظام کو مضبوط کیا جائے گا۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں موسمیاتی مالی معاونت اور آفات کے بعد فوری مالی امداد کو بہتر بنانے کے لیے انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔ پروگرام کے تحت ڈیزاسٹر رسک میپنگ، ماڈلنگ اور سرمایہ کاری میں صنفی حساسیت کو فروغ دیا جائے گا۔ پروگرام میں زرعی انشورنس کے فروغ کے لیے سولیڈیٹری فنڈ قائم کیا جائے گا، پاکستان میں پہلی بار ڈیزاسٹر فنانسنگ کا نیا طریقہ متعارف کروایا جائے گا تاکہ آفات کی صورت میں بجٹ کو فوری مدد فراہم کی جاسکے۔ اعلامیے کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستانی معیشت میں موسمیاتی سرمایہ کاری اور جدید قدرتی آفات کا ردعمل مستحکم کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔