مریم نواز نے نواز شریف کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا
10-30-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے نواز شریف کینسر ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج ہمارا خواب پورا ہونے جا رہا ہے، نواز شریف کینسر ہسپتال میں کسی مریض کو انکار نہیں کیا جائےگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف پنجاب نہیں پورے پاکستان کا ہسپتال ہو گا، کینسر انتہائی مہنگا علاج ہے، کینسر کے ٹیسٹ بہت مہنگے ہوتے ہیں، پنجاب نے اپنے وسائل کے دروازے باقی صوبوں کے لیے بھی کھولے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پوچھا جاتا ہےکہ نواز شریف کے نام پر ہسپتال کیوں بنایا جا رہا ہے، نواز شریف تین دفعہ وزیر اعظم رہے اس لیے ان کے نام پر ہسپتال بن رہا ہے، امید ہے ان لوگوں کی تسلی ہو گئی ہو گی۔ مریم نواز نے کہا کہ تین سال میں کینسر ہسپتال منصوبے کا پہلا فیز 2025 میں مکمل ہو گا، انہوں نے ہدایت کی اکتوبر 2025 میں پہلا فیز مکمل ہونا چاہیے، عوام کا پیسہ عوام کی بہتری کے لیے خرچ کریں گے، ہم باتوں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتےہیں، کینسر ہسپتال میں تمام جدید مشینری دستیاب ہو گی، مسلم لیگ(ن)کی ترجیح عوام کی خدمت کرنا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہسپتالوں میں فری ادویات کی سہولت ختم ہو چکی تھیں، سرکاری ہسپتالوں میں اب مفت ادویات ملتی ہیں، عوام کو ان کی دہلیز پر صحت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کی تنخواہوں میں اضافہ بھی کریں گے، ہماری کوشش ہو گی کوئی بھی ڈاکٹر بیرون ملک نہ جائے، انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو واپس لانے کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک کام کرنے والے ڈاکٹرز کو وہی سہولیات دیں گے جو انکو بیرون ملک میں میسر ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی ڈاکٹرز کو بہتر تنخواہیں، گاڑی اور گھر دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس جادوکی چھڑی نہیں ہے، ہر آنے والے دن میں صحت کے شعبے میں بہتری آ رہی ہے، اللہ تعالیٰ مجھے کامیابی دے۔