بھارت سے چلنے والی آلودہ ہوا سے اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس میں اضافہ
10-29-2024
(لاہور نیوز) بھارت سے چلنے والی آلودہ ہوا کے نتیجے میں اوسط ایئرکوالٹی انڈیکس میں ایک دفعہ پھر غیرمعمولی اضافہ ہو گیا۔
بھارتی پنجاب سے آنےوالے دھویں سے سموگ کی شدت غیر معمولی سطح پر پہنچنے لگی، سیٹلائٹ اور موسمیاتی اداروں کے مطابق اس وقت ہوا 1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے لاہور کی جانب چل رہی ہے، محکمہ تحفظ ماحول نے بھی گزشتہ 28 دن میں ڈھائی ہزار سے زائد دھواں دیتی گاڑیوں کو کلمپ کیا، یکم اکتوبر سے اب تک 469 فیکٹریاں اوراینٹوں کے بھٹے مسمار کئے گئے۔ 318 مقدمے درج جبکہ کسانوں کی گرفتاریاں اور جرمانے بھی جاری ہیں۔ پنجاب بھر میں 7 ہزار 613 بھٹوں اور صنعتی یونٹس کی انسپکشن، 226 انڈسٹریل یونٹس اور بھٹوں کو سربمہر کیا گیا، صوبے بھر میں 24 ہزار 333 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بھی انسپکشن جبکہ 7 ہزار 81 کے چالان اور 1205 گاڑیوں کو بند کیا گیا، راوی کے علاقے میں سموگ خاتمے کیلئے آپریشن چوتھے ہفتے بھی جاری رہا، اس دوران مزید 2 کارخانے سیل کئے گئے، رُوڈا کی ٹیم نے یاسین ری رُولنگ مل اور مدینہ سٹیل کو سربمہر کیا۔ رُوڈا انتظامیہ کی صنعتی زون کے داخلی حصے پر تجاوزات کے خلاف بھی کارروائیاں کی گئیں، غیرقانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف آپریشن میں ہورین سٹی کا دفتر بند، سڑکیں سیوریج تباہ کر دیا گیا، ُروڈا انتظامیہ کا کہنا ہے حکومتی ہدایات پر عمل نہ کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سیکرٹری ماحولیات پنجاب راجہ جہانگیر انور نے اہل لاہور سے اپیل کی ہے کہ سموگ کے خلاف اعلان جنگ برقرار رکھیں اور کسی بھی قسم کے دھویں کی فوری اطلاع 1373 پر دیں۔