لیسکو کا سرکاری نادہندہ اداروں سے وصولی کا فیصلہ

10-29-2024

(لاہور نیوز) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سرکاری نادہندہ اداروں سے وصولی کا فیصلہ کر لیا۔

لیسکو  نے نادہندہ وفاقی و صوبائی سرکاری اداروں کی فہرست جاری کر دی۔ فہرست کے مطابق وزارت ریلوے لیسکو کی 51 کروڑ 90 لاکھ روپے کی نادہندہ ہے، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذمے لیسکو کے 16 کروڑ 80 لاکھ روپے واجب الادا ہیں، پی ڈبلیو ڈی نے لیسکو کے 9 کروڑ 9 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں، کیبنٹ سیکرٹریٹ لیسکو کا 8 کروڑ 10 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق جیو لوجیکل سروے پاکستان نے لیسکو کے 6 کروڑ 20 لاکھ روپے ادا نہیں کئے، پاکستان ایڈمنسٹریٹو سٹاف کالج کے ذمے لیسکو کے 3 کروڑ 50 لاکھ، پاکستان براڈ کاسٹ کارپوریشن کے ذمے 3 کروڑ 20 لاکھ، ٹی ایم ایز کے ذمے لیسکو کے 6 ارب 67 کروڑ روپے ہیں۔ واسا نے لیسکو کے 3 ارب 60 کروڑ، پنجاب پولیس نے 73 کروڑ 60 لاکھ، پنجاب ایری گیشن ڈیپارٹمنٹ نے 69 کروڑ 90 لاکھ، ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور  نے 53 کروڑ 50 لاکھ، ڈسٹرکٹ اینڈ تحصیل ہسپتال لاہور  نے 46 کروڑ 70 لاکھ  اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹ قصور  نے 36 کروڑ 70 لاکھ روپے ادا کرنے ہیں۔ اسی طرح ایل ڈی اے لیسکو کا 28 کروڑ 30 لاکھ روپے، میو ہسپتال 27 کروڑ 80 لاکھ روپے، پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی 25 کروڑ 70 لاکھ روپے، محکمہ جیل 25 کروڑ 50 لاکھ روپے، لاہور رنگ روڈ اتھارٹی 23 کروڑ 20 لاکھ روپے اور گنگا رام ہسپتال 20 کروڑ 10 لاکھ روپے کا نادہندہ ہے۔