گورنر پنجاب کی منظوری کے بغیر چھ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز تعینات
10-29-2024
(لاہور نیوز) گورنر پنجاب کی منظوری کے بغیر چھ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز تعینات ہو گئے۔
گورنر پنجاب نے دوسری مرتبہ اعتراض لگا کر سمریاں واپس بھیج دی تھیں، پنجاب گورنمنٹ نے ایکٹ 105 کے تحت وائس چانسلرز کے آرڈرز جاری کر دیئے۔ جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے لئے ڈاکٹر رؤف اعظم کا بطور وائس چانسلر نوٹیفکیشن جاری ہو گیا، جی سی یونیورسٹی ویمن فیصل آباد کے لئے ڈاکٹر کنول امین نئی وائس چانسلر تعینات ہو گئیں اور لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے لئے ڈاکٹر عظمیٰ قریشی دوسری مرتبہ وائس چانسلر تعینات ہوئیں۔ اس کے علاوہ جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے لئے ڈاکٹر شازیہ بشیر وائس چانسلر مقرر ہو گئیں، گورنمنٹ صادق کالج ویمن یونیورسٹی بہاولپور کے لئے ڈاکٹر شازیہ انجم وائس چانسلر تعینات ہوئیں۔ ایکٹ 105 کے تحت 25 دن سے زیادہ گزرنے پر پنجاب گورنمنٹ نے گورنر پنجاب کی اجازت کے بغیر آرڈرز جاری کئے۔