پنجاب : ڈینگی سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک مریض کا انتقال، 140 کیسز رپورٹ

10-29-2024

(لاہور نیوز) پنجاب میں ڈینگی کے وار تھم نہ سکے ، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صوبہ میں ڈینگی کے 140 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ایک مریض جان کی بازی ہار گیا۔

ترجمان محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی سے 123 مریض سامنے آئے جبکہ ایک مریض جاں بحق ہوا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں 7 ، اٹک 3 جبکہ فیصل آباد سے 2 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ ترجمان نے بتایا کہ چکوال، مظفرگڑھ، اوکاڑہ، پاکپتن اور لیہ سے ایک ،ایک ڈینگی  کیس رپورٹ ہوئے۔ ترجمان محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں ایک ہفتہ میں 883 جبکہ رواں سال اب تک 5277 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔