پنجاب یونیورسٹی میں طلبہ تنظیموں میں جھگڑا، چیف سکیورٹی آفیسر معطل
10-29-2024
(لاہور نیوز) پنجاب یونیورسٹی میں دو طلبہ تنظیموں میں لڑائی جھگڑے کے معاملے پر چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید کو معطل کر دیا گیا۔
پنجاب یونیورسٹی میں آئے روز طلبہ تنظیموں کے درمیان لڑائی جھگڑوں کی روایت ختم نہ ہو سکی، ایک بار پھر 22 اکتوبر کو ہونے والی لڑائی کے تعاقب میں گزشتہ روز دو طلبہ تنظیموں میں لاء کالج کے اندر لڑائی کا آغاز ہو گیا، ایک طلبہ تنظیم کا پروگرام جاری تھا کہ دوسری طلبہ تنظیم نے ہلا بول دیا۔ ایک طلبہ تنظیم لڑتے ہوئے لاء کالج سے قریبی ہیلے کالج کی بلڈنگ میں گھس گئی جس کا تعاقب کرتے ہوئے دوسری طلبہ تنظیم پیچھے جا پہنچی، ہیلے کالج کے نذیر بلاک میں موجود طلبہ تنظیم نے تمام واش رومز کے بیسن کو توڑ کر پتھر بنائے اور دوسری تنظیم پر پتھراؤ کیا جس سے ناصرف ہیلے کالج کے مدٹرم امتحانات ملتوی ہو گئے بلکہ کالج کا لاکھوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے۔ طلبہ تنظیم کے پروگرام کے دوران پولیس بھی موجود تھی مگر اس کے باوجود تنظیموں کی لڑائی روکنے میں پولیس ناکام رہی، بعدازاں پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور طلبہ تنظیموں کو منتشر کرنے میں کامیاب ہو گئی، طلبہ تنظیموں کے درمیان لاء کالج سے شروع ہونے والی لڑائی ہیلے کالج میں جا کر اختتام پذیر ہوئی۔ بعدازاں رات گئے تک وائس چانسلر آفس میں ذمہ داران طلبہ کے تعین اور ان کے خلاف کارروائی کے لئے اجلاس جاری رہا، لڑائی کے بعد انکوائری کمیٹی رپورٹ میں چیف سکیورٹی آفیسر کی کارکردگی پر شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے ایکشن لیتے ہوئے چیف سکیورٹی آفیسر کرنل (ر) عبید کو معطل کرکے کرنل (ر) عمر خالد کو ایڈیشنل چارج سونپ دیا۔