مریم نواز کا جرائم کی شرح نیچے لانے اور کرپٹ ایس ایچ اوز کیخلاف زیرو ٹالرنس کا حکم

10-28-2024

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جرائم کی شرح نیچے لانے اور کرپٹ ایس ایچ اوز کیخلاف زیرو ٹالرنس اپنانے کا حکم دے دیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے حافظ آ باد میں ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز  نے ملاقات کی، ڈپٹی کمشنر حافظ آباد عبد الرزاق  نے ضلع کے پروفائل اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس پر بریفنگ دی جبکہ ڈی پی او حافظ آباد نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کے بارے میں وزیر اعلیٰ کو تفصیلی بریف کیا، مریم نواز  نے حافظ آباد کے ڈپٹی کمشنر کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔ وزیر اعلیٰ  نے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کریک ڈاؤن مسلسل جاری رکھنے اور سکولوں کے باہر زیبرا کراسنگ یقینی بنانے کا حکم دے دیا، وزیر اعلیٰ نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور گڑھے پر کرنے، نجی ہاؤسنگ سوسائیٹز میں مین ہول کے ڈھکن چیک کرنے اور حافظ آباد میں گرین بیلٹس بنانے کی ہدایت کر دی۔ مریم نواز نے ضلع بھر میں ڈرینج کی صفائی اور ڈپٹی کمشنر کو ہسپتالوں کے مسلسل وزٹ کرنے اور کرپٹ و عوام سے ناروا رویہ اپنانے والے تحصیلداروں اور پٹواریوں کو ہٹانے کی ہدایت کی جبکہ گرلز سکول کی سکیورٹی مانیٹر نگ اور کاشتکاروں کو ہر قیمت پر معیاری بیج، کھاد اور پیسٹی سائیڈز کی فراہمی کا حکم دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے حافظ آباد کے دیہات کو ماڈل بنانے کا ٹاسک بھی دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حافظ آباد کے زیر تکمیل منصوبوں کیلئے فنڈز کی فراہمی کا حکم دیا اور حافظ آباد میں ضروری انسانی وسائل کی کمی پوری کرنے کی اور زیر تکمیل فلائی اوور کی جلد تکمیل کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ کے پی آئیز کے مطابق پہلے پانچ افسروں کو انعام اور سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے، بچوں اور خواتین کے خلاف جرائم میں کمی آنی چاہیے، خوشی ہے کہ کے پی آئیز مقرر کرنے سے کار کردگی میں بہتری آ رہی ہے۔ مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جیلوں کے دورے کر کے خود صورتحال کا جائزہ لیں، ڈینگی اور پولیو کے خلاف مہم کو کسی صورت بھی کم نہیں ہونا چاہیے، شوگر کے مریضوں کے لئے انسولین ناگزیر ہے جبکہ کمی نہ آنے دی جائے، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء کی مصنوعی مہنگائی بالکل برداشت نہیں۔