علی ظفر کا نیا گانا'فیڈ ' ریلیز، سوشل میڈیا پر گلوکار کے گانے میں اہلیہ کی جھلک نے جان ڈال دی
10-26-2024
(ویب ڈیسک) معروف گلوکار علی ظفر نے اپنے نئے گانے "Fade" کے ذریعے شہرت کی اندھیری اور کٹھن حقیقتوں کو بے نقاب کیا ہے۔ گانا صرف ایک میوزک ٹریک نہیں بلکہ علی ظفر کی زندگی کے اس پہلو کی عکاسی ہے جو عموماً پردۂ اسکرین پر دکھائی نہیں دیتا۔
رپورٹ کے مطابق اس گانے میں علی ظفر نے اپنی جذباتی اور ذہنی صحت پر شہرت کے اثرات کو بیان کیا ہے اور اپنی اہلیہ عائشہ کو ایک "تسکین کا مرکز" ظاہر کیا ہے۔"Fade" میں علی ظفر نے نہ صرف شاعری لکھی اور موسیقی ترتیب دی بلکہ ویڈیو کی ہدایت بھی خود دی ہے، جس میں پرانی ہالی ووڈ کی طرز کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سنیماٹک انداز اپنایا گیا ہے۔ گانے کی ویڈیو میں ایک پرانی یادگار فضا کو جدید پیغام کے ساتھ پیش کیا گیا ہے، جس میں علی ظفر کی زندگی کی اونچ نیچ اور ان کے دل کی کیفیت کو بیان کیا گیا ہے۔ اس ویڈیو میں عائشہ بھی موجود ہیں، جو ایک خاص سین میں علی ظفر کے کندھے پر ہاتھ رکھتی ہیں، جس سے دلوں کو چھو لینے والا سکون کا پیغام ملتا ہے۔ علی ظفر نے اپنے ایک بیان میں کہا، "Fade میں نے اس انڈسٹری کے ذہنی اور جذباتی اثرات کو بیان کرنے کے لیے تخلیق کیا ہے۔ یہ میرا وہ پہلو ہے جسے میں نے پہلے کبھی نہیں دکھایا۔" یہ گانا اب تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے اور علی ظفر کے یوٹیوب چینل پر اس کی آفیشل ویڈیو بھی ریلیز کر دی گئی ہے۔