ساجد اور نعمان کی کارکردگی نے کئی چہروں کو بے نقاب کر دیا: محمد حفیظ

10-26-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان اور ٹیسٹ کھلاڑی محمد حفیظ نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی پر ٹیم کو جیت کی مبارکباد پیش کی ہے۔

پاکستان نے انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر سے شکست دی ہے، پاکستان نے انگلینڈ کو تیسرے ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دی۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد محمد حفیظ نے قومی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی ٹیم ہوم گراؤنڈ پر جیت کی تلاش میں ہے۔ تاہم سیریز میں جیتنے کے بعد محمد حفیظ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ کریڈٹ نئے سلیکٹرز کو جاتا ہے جنہوں نے سخت فیصلے لینے کی ذمہ داری لی، شاباش۔ محمد حفیظ نے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا خاص نوٹ: نعمان علی، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، کامران غلام اور شان مسعود سب ڈومیسٹک لیول کے بہترین پرفارمر ہیں۔ سابق ٹیسٹ کھلاڑی نے لکھا کہ قومی ٹیم کو تین سال سے زائد عرصے بعد ہوم سیریز میں کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد ہو۔ ایک اور سوشل میڈیا پیغام میں محمد حفیظ نے لکھا کہ دو چہروں ساجد خان اور نعمان علی کی متاثر کن پرفارمنس نے پاکستان کی انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں تین سال سے زائد عرصے بعد کامیابی میں اہم کردار ادا کیا، اس سے بھی اہم یہ ہے کہ دونوں کی پرفارمنس نے بہت سے چہروں کو بے نقاب کر دیا۔