حکومت کا 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے یوم سیاہ منانے کا اعلان

10-25-2024

(لاہور نیوز) حکومت نے 27 اکتوبر کو کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔

وزارت داخلہ نے سرکاری سطح پر یوم سیاہ منانے کے احکامات جاری کر دیئے، وزارت داخلہ کی جانب سے جاری مراسلے میں سی ڈی اے کو یوم سیاہ پر 27 اکتوبر کو سرکاری سطح پر ریلی کے انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ یوم سیاہ کے حوالے سے ریلی کے تمام انتظامات کے لئے ڈائریکٹرز کو ہدایات جاری کر دی گئیں۔ مراسلے کے مطابق 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے سرکاری سطح پر ریلی ایکسپریس چوک سے ریڈیو پاکستان تک نکالی جائے گی، واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1948 کو بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر میں قبضہ کیا تھا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قبضے کو 77 برس مکمل ہونے پر پاکستان نے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے، خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے 77 برس مکمل ہونے پر آج قومی اسمبلی میں یوم سیاہ کی قرارداد بھی متفقہ طور پر منظور کی گئی ہے۔