شہریت سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ کے حوالے کرنے کا فیصلہ
10-25-2024
(لاہور نیوز) وفاقی حکومت نے شہریت کے سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا اختیار ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ کے حوالے کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
عطائے شہریت ایکٹ 1926 میں ترمیم کا حکومتی بل قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا، شق تین میں ترمیم سے شہریت عطا کرنے کا اختیار وفاقی کابینہ کی بجائے ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹ کو منتقل کیا جائے گا۔ ترمیمی بل کے مطابق شہریت کی درخواست مسترد ہونے کی صورت میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کے فیصلے کے خلاف سیکرٹری داخلہ سے رجوع کیا جائے گا، آئین پاکستان کے ساتھ حلف لینے کی مدت میں اضافے کا اختیار اب کابینہ کی بجائے سیکرٹری داخلہ کے پاس ہو گا۔ ترمیمی بل کے ذریعے عطائے شہریت سے متعلق تمام اختیارات وزارت داخلہ اور ڈی جی پاسپورٹ کو منتقل کئے جائیں گے، واضح رہے کہ 8 ستمبر 2017 کو وفاقی کابینہ نے اختیارات کسی مناسب اتھارٹی کو منتقلی کا فیصلہ کیا تھا۔