بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں بارے مشاورت کیلئے مسلم لیگ ن پنجاب کا اجلاس طلب
10-25-2024
(لاہور نیوز) مسلم لیگ ن پنجاب نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کے امیدواروں سے متعلق مشاورت کیلئے تنظیمی اجلاس 26 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے طلب کر لیا۔
مسلم لیگ ن پنجاب کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہو گا جس میں سیاسی صورتحال پر مشاورت اور صوبائی بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز طلب کی جائیں گی۔ اجلاس میں پنجاب کی میٹروپولیٹن کارپوریشنز، میونسپل کارپوریشنز اور ٹاؤن کارپوریشنز، ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلز کے لیے موزوں امیدواروں کے چناؤ کا معاملہ زیر بحث لایا جائے گا، اجلاس میں پارٹی کی یونین کونسلز سے ڈویژن لیول تک تنظیم سازی کے امور بھی زیر بحث لائے جائیں گے۔ صدر مسلم لیگ ن پنجاب رانا ثناء اللہ خان تنظیمی اجلاس کی صدارت کریں گے، صوبائی عہدیداروں کو باقاعدہ دعوت نامے ارسال کر دیئے گئے ہیں۔