پاکستان علما کونسل کی عمران خان کی حمایت میں امریکی نمائندگان کے خط کی مذمت
10-24-2024
(لاہور نیوز) پاکستان علما کونسل نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حمایت میں امریکی نمائندگان کے خط کی بھرپور مذمت کی ہے۔
پاکستان علما کونسل کا کہنا ہے کہ امریکی ایوانِ نمائندگان کو خط، پاکستان کے داخلی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے، یہ خط پی ٹی آئی کے منافقانہ رویہ اور پالیسی کی دلیل ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علما کونسل اس خط کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے، امریکی ایوان نمائندگان کے ممبران مشرق وسطیٰ کی صورتحال بالخصوص ہزاروں فلسطینیوں کی شہادت اور لاکھوں بے گھر افراد پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان، عوام، سیاسی اور مذہبی جماعتیں اپنے مسائل خود حل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، مذکورہ بالا خط اور اس کے مندرجات بلاشبہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور خود مختاری کی خلاف ورزی ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مذکورہ بالا خط صرف اور صرف صیہونی طاقتوں کی ایما پر لکھا گیا، پاکستان کے خلاف کسی بھی مہم کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔