انسداد فیک نیوز کے حوالے سے قانون سازی کی جا رہی ہے، سپیکر پنجاب اسمبلی

10-24-2024

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے وفد نے پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں انسداد فیک نیوز کے حوالے سے قانون سازی کی جا رہی ہے۔

یو این ڈی پی کے وفد میں قیصر اسحاق، ڈاکٹر علی البیاتی، عثمان ظفر، بابر یعقوب، حمیرہ جاوید اور چودھری امجد مان شامل تھے، یو این ڈی پی کے وفد نے پنجاب اسمبلی کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول کے حوالے سے آگاہی سیشنز فراہم کرنے میں مدد دینے کی تجویز دی۔ یو این ڈی پی نے سپیکر ملک محمد احمد خان کی فیک نیوز کے مسئلے کو اجاگر کرنے اور پارلیمنٹیرینز کی اس اہم معاملے پر معاونت کرنے کے اقدام کو سراہا۔ سپیکر ملک محمد احمد خان  نے کہا کہ حکومت سوشل میڈیا پر فیک نیوز کی روک تھام کے لیے اقدامات کر رہی ہے، فیک نیوز کے سدباب کے لیے یو این ڈی پی کا کردار تعمیری اور قابل ستائش ہے، فیک نیوز کے سدباب کے لیے یو این ڈی پی لوگوں کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے آگاہی سیشنز کا اہتمام کرے۔ ملک محمد احمد خان نے کہا کہ یو این ڈی پی اور موجودہ حکومت کے مقاصد مشترک ہیں، فیک نیوز کے سدباب کے لیے حکومت یو این ڈی پی کو ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی، سچ تک رسائی ہر ایک کا بنیادی حق ہے، بد قسمتی سے سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے لوگوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں انسداد فیک نیوز کے حوالے سے قانون سازی کی جا رہی ہے، تعلیمی اداروں میں سوشل میڈیا کا صحیح استعمال اور فیک نیوز کے خاتمے کے لحاظ سے سلیبس کو ترتیب دینا ہو گا۔ وفد نے یو این ڈی پی کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ سپورٹ پر سپیکر ملک محمد احمد خان کا شکریہ ادا کیا۔