لاہور قلندرز کی ٹیم گلوبل سپر لیگ میں حصہ لے گی

10-24-2024

(لاہور نیوز) لاہور قلندرز کی ٹیم رواں برس ویسٹ انڈیز میں شیڈول گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) میں شرکت کرے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹ کے 5 سرکردہ ممالک کی فرنچائزز گلوبل سپر لیگ (جی ایس ایل) میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ ٹورنامنٹ گیانا کے پروویڈنس سٹیڈیم میں 26 نومبر سے 6 دسمبر تک شیڈول ہے۔ دیگر ٹیموں میں وائٹلٹی بلاسٹ چیمپئن ہیمپشائر ہاکس، کیریبئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل) کی سائیڈ گیانا ایمیزون واریئرز، بنگلادیش کی رنگپور رائیڈرز کے علاوہ آسٹریلین فرنچائز وکٹوریہ کی ٹیم بھی ایونٹ میں حصہ لے گی۔ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور لیگ کے چیئرمین کلائیو لائیڈ نے ایونٹ سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمام ٹیموں کو خوش آمدید کہنے کیلئے تیار ہیں، دنیا کی مقبول فرنچائزز کے مقابلے پرستاروں کو اپنی طرف راغب کریں گے۔ واضح رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی کوئی فرنچائز ایونٹ میں حصہ نہیں لے گی کیونکہ بھارتی بورڈ کی پالیسی کے مطابق ٹیموں کو دوسری لیگ کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔