آئین کی خلاف ورزی سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے: عمر ایوب

10-24-2024

(لاہور نیوز) رہنما تحریک انصاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ آئین کی خلاف ورزی کوہم چیلنج کریں گے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کا طریقہ کار ناقص تھا، پی ٹی آئی کے پانچ اراکین اسمبلی کو زدوکوب کرکے لایا گیا، ہمارے اراکین اسمبلی کہاں تھے، انویسٹی گیشن ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی سے بھی تحقیقات کرنے کا کہا ہے، پارلیمانی کمیٹی کے پاس بھی مسودہ نہیں تھا، ہم ملک گیر احتجاج کریں گے، احتجاج کب کرنا ہے، وقت طے نہیں ہوا۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کےخلاف کوئی اور کیس نہیں ہے، بشریٰ بی بی کی رہائی سے متعلق صبح پتہ چلےگا۔ عمر ایوب کا مزید کہنا تھا کہ آئین کی خلاف ورزی ہورہی ہے، آئین کی خلاف ورزی کوہم چیلنج کریں گے، امید ہے سپریم کورٹ کے جج میرٹ پر ہمارا کیس سنیں گے۔