بھارت کی ایک اورچوری سامنے آگئی، لیجنڈری گلوکارہ ریشما کا گانا بالی ووڈ نے چُرا لیا

10-23-2024

(ویب ڈیسک) پاکستانی گانے چُرانے کےعادی بالی ووڈنے ایک اورلیجنڈری گلوکارہ ریشما کا گانا چوری کرلیا۔

رپورٹ کےمطابق بالی ووڈفلم 'دوپٹی' کا ٹیلر منظر عام پر آگیا ہے جس میں سینئر اداکارہ کاجول کے ساتھ ساتھ اداکارہ کریتی سینن ڈبل رول کرتی نظر آئی ہیں جب کہ اس فلم میں اداکار  شہیر شیخ بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھائیں گے۔اس فلم کو رواں ماہ کی 25 تاریخ کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا تاہم اس فلم کا ایک گانا ' اکھیاں نو رہن دے' خوب وائرل ہورہا ہے جو کہ پاکستانی گانا ہے۔ بالی ووڈ انڈسٹری نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے پاکستانی گانے کو چوری کیا، یہ گانا پاکستان کی لیجنڈ گلوکارہ ریشما کا ہے جنہوں نے اپنی البم ریشماں کیلئے 1975 میں گایا تھا۔دوسری جانب پاکستانی گانا چوری کرنے پر اداکار عدنان صدیقی نے بالی ووڈ کو آڑے ہاتھوں لیا اور سوشل میڈیا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک کلاسک گانے کے ساتھ برا سلوک کیا گیا،گلوکارہ ریشما جی اور ان کی چھوڑے جانے والی میراث کی عزت کرنی چاہیے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گلوکارہ ریشما بھارت کیلئے 'لمبی جدائی' گانا بھی گا چکی ہیں جو دونوں ملکوں میں کافی پسند کیا گیا تھا۔