پاکستان فلسطینوں کا گھر، ہمارے دل آپ کے لیے دھڑکتے ہیں: وزیر اعظم

10-23-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان فلسطینوں کا گھر ہے اور پاکستانیوں کے دل ان کے لیے دھڑکتے ہیں۔

پاکستان میں زیر تعلیم میڈیکل طلبا کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب سے عربی میں خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں اور ہمارے گھر اور تعلیمی ادارے آپ کے لیے حاضر ہیں، پاکستان جتنا میرا گھر ہے اتنا ہی آپ کا بھی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیل  نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 43 ہزار فلسطینی شہید کر دیے ہیں لیکن عالمی برادری غزہ میں جنگ بندی کے لیے اب تک اپنا کردار ادا نہیں کر سکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج سکولوں، ہسپتالوں اور پناہ گاہوں پر بمباری کر رہی ہے اور اس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کی سفارشات کو ردی کی ٹوکری کی نذر کر دیا ہے، سکیورٹی کونسل اور عالمی عدالت بھی اسرائیل کے سامنے بے بس ہے۔ آخر میں وزیر اعظم  نے فلسطینی طلبا کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔