26 ویں آئینی ترمیم کیلئے ہمارے 5 ایم این ایز کو اغوا کر کے ووٹ لیا گیا: عمر ایوب

10-23-2024

(لاہور نیوز) اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ بھونڈے طریقے سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرائی گئی، ہمارے 5 ایم این ایز کو اغوا کر کے ووٹ لیا گیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو توشہ خانہ کیس میں بغیر کسی وجہ کے ملوث کیا گیا، توشہ خانہ کے اصل ملزم زرداری، نوازشریف ہیں، توشہ خانہ سے نواز شریف، زرداری نے گاڑیاں ہضم کیں۔ اپوزیشن لیڈر  نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، عجوج، مجوج کے کہنے پر جج صاحب اپنی کرسی پر نہیں بیٹھے، بشریٰ بی بی کو غیرقانونی طریقے سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ جس طریقے سے آئین سازی ہوئی، مذمت کرتے ہیں، کب تک پاکستان کی عوام کے ساتھ فراڈ کیا جائے گا، پاکستان میں شمالی کوریا، برما جیسا ماحول بنایا جا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سب پتا ہے کہ یہ معاملات کہاں سے کنٹرول ہو رہے ہیں، ڈیوٹی ججز یاجوج ماجوج سے احکامات وصول کر رہے ہیں، ہمارے وکلا عدالت میں موجود تھے کہ دونوں جج صاحبان غائب ہو گئے، پاکستان میں جج صاحبان کو ہی غائب کر دیا جاتا ہے۔ عمر ایوب نے کہا کہ پاکستان میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں، مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے، جسٹس فائز عیسیٰ نے جو اختلافی نوٹ لکھا ان سے یہی امید تھی۔