تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن گیا: فیصل واوڈا

10-23-2024

(لاہور نیوز) سیاسی رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے۔

دنیا نیوز کے پروگرام’’دنیا مہربخاری کےساتھ‘‘میں گفتگوکرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا میرا خیال ہے جسٹس منصور علی شاہ آئینی بینچ کا حصہ نہیں بنیں گے، پی ٹی آئی کا موقف تھا سینئر ترین کو چیف جسٹس بنایا جائے، تحریک انصاف والے پارلیمانی کمیٹی سے بھاگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نے پلان کے مطابق واک آؤٹ کیا ہے،اراکین اسمبلی سے متعلق پیسوں اور تشدد کا جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا، آئینی ترمیم کے ذریعے ڈکٹیٹرکا بنایا ہوا قانون پارلیمنٹ نےواپس لے لیا ہے۔ فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے زیادہ تر اراکین اسمبلی کمپرومائز ہیں، یہ نہیں چاہتےکہ بانی پی ٹی آئی جیل سےباہر آئیں، تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک بن گیا ہے، تحریک انصاف والےسب آپس میں تقسیم ہیں، عمران خان کوپتہ ہے ان کےلوگ بک گئے، پی ٹی آئی کا ملک گیر تو کیا ملک ’کھیر‘ بھی احتجاج نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید کوکورٹ مارشل کے بعد سزا ہوگی، پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں نہیں ملیں گی،اب پاکستان آگے بڑھے گا کسی کا باپ بھی نہیں روک سکتا۔