پاکستان میں مہنگائی، بیروزگاری میں کمی کا امکان، آئی ایم ایف کی رپورٹ جاری
10-22-2024
(لاہور نیوز) انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ 2024 جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان میں مہنگائی و بے روزگاری میں کمی کا امکان ہے۔
آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں پاکستان میں رواں مالی سال معاشی شرح نمو 3.2 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی ہے، رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال معاشی شرح نمو 2.4 فیصد تک ریکارڈ کی گئی، رپوٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں اس سال مہنگائی کی اوسط شرح 9.5 فیصد رہے گی، مہنگائی کی سالانہ شرح 12 فیصد ہدف کے مقابلے 10.6 فیصد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی اوسط شرح 23.4 فیصد رہی۔ آئی ایم ایف کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ رواں سال پاکستان میں بے روزگاری کی شرح کم ہو کر 7.5 فیصد پر آنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان میں بے روزگاری 8 فیصد ریکارڈ کی گئی، رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ منفی 0.9 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے، گزشتہ مالی سال کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ منفی 0.2 فیصد تھا، سال 2024 میں عالمی معیشت 3.2 فیصد شرح سے ترقی کرے گی۔ آئی ایم ایف کے مطابق عالمی معیشت کو تنازعات، سماجی تناؤ، موسمیاتی خطرات کا سامنا ہے، علاقائی تنازعات شرح سود میں کمی کی عالمی کوششوں کو متاثرکر سکتے ہیں، تیل سمیت مختلف اجناس کی سپلائی میں خلل بھی پیدا ہو سکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر مہنگائی اس سال 5.8 فیصد، اگلے سال 4.3 فیصد رہنے کا امکان ہے، بین الاقوامی سطح پر اشیاء کی مہنگائی میں کمی، سروسز مہنگی ہونے کا خدشہ ہے، امریکہ سمیت دیگر ممالک میں انتخابات کے پیش نظر پالیسیوں میں تبدیلی متوقع ہے۔