انٹراپارٹی انتخابات: الیکشن کمیشن کی دیگر فریقین کو درخواستیں پی ٹی آئی کو دینے کی ہدایت

10-22-2024

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) انٹراپارٹی انتخابات کیس کی سماعت کرتے ہوئے دیگر درخواست گزاروں کو درخواستوں کی نقول پی ٹی آئی کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

الیکشن کمیشن میں ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، اکبر ایس بابر اور نوید انجم کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ ممبر کے پی نے اکبر ایس بابر سے استفسار کیا کہ کیا آپ نے بھی انٹرا پارٹی الیکشن کرایا ہے؟ اس پر انہوں نے کہا کہ ہم نے کوئی انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کرایا۔ بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو فائنل آرڈر کرنے سے روکا ہے۔ ممبر کے پی نے کہا کہ ہمارے پاس یہ اختیار نہیں کہ ہم آپ کو دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کا کہیں، کمیشن نے دیگر درخواست گزاروں کو درخواستوں کی نقول پی ٹی آئی کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ بیرسٹر گوہر  نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف پانچ درخواستیں دائر کی گئی ہیں جبکہ اکبر ایس بابر  نے کہا کہ الیکشن کمیشن اب پانچ سال تک دوبارہ انٹرا پارٹی الیکشن کرانے کی ہدایت نہیں کر سکتا۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو درخواست گزاروں کی درخواستوں پر جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ وکیل نوید انجم نے کہا کہ ہمارا کیس کاغذات نامزدگی جمع ہونے سے متعلق ہے جس پر کمیشن نے کہا کہ ہم اگلی سماعت پر پہلے آپ کی گزارشات سن لیں گے، بعدازاں کیس کی سماعت 14 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔