وزیر اعلیٰ بہت محنت سے عام آدمی کیلئے منصوبوں کا اجرا کر رہی ہیں، عظمیٰ بخاری

10-22-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز بہت محنت سے عام آدمی کیلئے منصوبوں کا اجرا کر رہی ہیں۔

  لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کا اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ایک فلیگ شپ پروگرام ہے، یہ پروگرام دو ڈھائی ماہ میں مکمل ہوا، آج گھروں کی تعمیر جاری ہے، لوگوں کو 15 لاکھ تک کا قرضہ مل رہا ہے، لوگوں نے اپنے گھر بنانے شروع کر دیئے ہیں۔ عظمیٰ بخاری نے کہا ادویات، ایمبولینس سروس اور اساتذہ کی ٹریننگ شروع کر دی گئی ہے، پہلے کسی کو خیال نہیں آیا تھا کہ اساتذہ کی ٹریننگ بھی ہوتی ہے، پنجاب میں بنیادی اشیاء ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں سے کم ہیں، ہمیں پہلے رمضان میں خیال آتا تھا کہ اشیاء کی قیمتوں کو کم کریں، اب باقاعدہ ایک محکمہ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے آفس میں ایک ڈیش بورڈ ہے جس پر وہ خود قیمتوں کو مانیٹر کر رہی ہوتی ہیں، پنجاب میں روٹی کی قیمت کم ہوئی مگر دیگر صوبوں میں یہ نہیں ہو سکا، جو اقدامات پنجاب اٹھا رہا ہے وہ باقی صوبوں میں نظر نہیں آتے، وزیراعلیٰ مریم نواز منڈیوں کو بھی خود مانیٹر کر رہی ہیں، مجھے بھی پہلی بار پتہ چلا کہ منڈیوں میں کیسے کام ہوتا ہے۔ وزیراطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا پیاز، ٹماٹر، دودھ، آلو اور دیگر اشیاء دوسرے صوبوں سے کم قیمت پر فروخت ہو رہی ہیں، پرائس کنٹرول کمیٹیوں پر جو محکمہ بنا اس سے قیمتوں میں مزید کمی ہو گی، پنجاب میں جرائم میں بھی کمی ہو رہی ہے، لاہور میں جرائم کی شرح میں 43 فیصد کمی ہوئی ہے، جرائم میں 43 فیصد کمی چھوٹی نہیں ہوتی، موٹر سائیکل چوری اور گاڑی چوری کی وارداتوں میں بھی کمی ہوئی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب اور پولیس ٖڈیپارٹمنٹ کی ٹیم خراج تحسین کی مستحق ہے۔ عظمٰی بخاری کا مزید کہنا تھا کچھ دن پہلے تحریک فساد نے جلسہ جلوس کرنے کیلئے لاسٹ کال دی تھی، ان کے رپورٹ کارڈ جاری کرنے کا مجھے مزا آتا ہے، پی ٹی آئی نے 26 ڈسٹرکٹس میں احتجاج کی کال دی تھی، احتجاج کرنے والے صرف 13جگہوں پر اکٹھے ہوئے، صرف 11 ڈسٹرکٹس میں 13 جگہ احتجاج ہوا، ان کے احتجاج بری طرح ناکام ہوئے، پنجاب کی عوام بہت سمجھدار ہیں، وہ کارکردگی اور خدمت کو سپورٹ کرتے ہیں۔