قومی اسمبلی کا اجلاس طلب، 23 نکاتی ایجنڈا جاری

10-22-2024

(لاہور نیوز) قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام طلب کر لیا، اجلاس کا 23 نکاتی ایجنڈا جاری ہو گیا۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل پیش کیا جائے گا، آرٹیکل ایک سو اٹھانوے اور ایک سو چالیس میں ترمیم کا بل پیش کیا جائے گا، سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر جھوٹی خبروں کے سد باب سے متعلق قرارداد پیش کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈسکوز کی طرف سے زائد بلنگ اور ٹیکنالوجی پارکس کے قیام سے متعلق قرارداد بھی پیش کی جائے گی، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کی وحشیانہ ہلاکتوں اور لبنان میں تباہ کن حملوں کی مذمت کیلئے قرارداد پیش کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کے فوائد کے عدم ادائیگی سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، سیلز ٹیکس کی وصولی میں بڑے پیمانے پر مبینہ غبن سے متعلق توجہ دلاؤ نوٹس بھی پیش کیا جائے گا۔