صرف جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے : مریم اورنگزیب

10-21-2024

(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ صرف جمہوریت ہی بہترین انتقام ہے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ سڑک پر خوار ہوتے  لاڈلے  کو بلا کر اور کوڑے کے ڈھیر سے اٹھا کر کسی Frivolous درخواست  کی بنیاد پر منتخب وزیراعظم کو گھر بھجوانے اور ملک کی ترقی کو روکنے کی غیر آئینی روایت کا دروازہ بند ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم شہید بے نظیر بھٹو اور قائد جناب محمد نواز شریف کے تاریخی ویژن کی سچائی اور کامیابی کی ایک اور دلیل ہے جو آرٹیکل 58 دو بی کی طرح "نظریہ ضرورت" اور "نظریہ سہولت" کے تحت عدلیہ کے ذریعے جمہوریت پر شب خون مارنے کی سازشوں کو روکے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے جیسی تشریح سے  لاڈلوں  کو لانے کی غیر آئینی افسوسناک روایتوں کا خاتمہ ہو گا، عدلیہ میں میرٹ، قابلیت اور شفاف احتساب کی روایت کا آغاز ہو گا جبکہ عوام کو برسوں انصاف کے انتظار کی اذیت سے نجات ملے گی۔ لیگی رہنما نے مزید کہا کہ جمہوری و سیاسی قوتوں نے اپنے اتحاد اور مشاورت سے آئین اور پارلیمان کی بالادستی کو ایک نئی مضبوطی اور قوت دی ہے جس پر تمام قائدین، جماعتیں اور ووٹ دینے والے ارکان مبارکباد کے مستحق ہیں۔