پنجاب میں وائلڈ لائف کومبنگ آپریشن، سیکڑوں پرندے برآمد،13 افراد گرفتار

10-20-2024

(لاہور نیوز) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر پنجاب بھر میں وائلڈ لائف کومبنگ آ پریشن ، لاہور شہر سمیت صوبہ کے مختلف مقامات سے سیکڑوں تحفظ شدہ جنگلی پرندے برآمد کر لیے گئے ۔

گزشتہ روز ہونے والی کارروائیوں میں خلاف ورزی کے مرتکب 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ۔ 10 گرفتار ملزمان کو 2لاکھ سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا ۔ 3 چالان مقامی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے ۔ کارروائیاں لاہور، نارووال ، بہاولنگر اور میانوالی میں کی گئیں ۔ لاہور شہر میں کریک ڈاؤن کے نتیجے میں 2 برڈز ڈیلرز گرفتار کیے گئے ۔ برڈز ڈیلرز سے راء طوطے، گانیدار طوطے اور سیکڑوں معصوم چڑیاں برآمد کی گئیں ۔ چڑیاں فوری طور پر قدرتی ماحول میں آ زاد کر دی گئیں جبکہ طوطے جلو پارک منتقل کر دیے گئے ۔ لاہور ریجن سے مرغابی، بٹیر ،خرگوش اور جنگلی کبوتر کے 8 شکاری بھی گرفتار کیے گئے ہیں۔