آئینی ترمیم کیلئے نمبرز پورے ہیں، خواجہ آصف نے پھر دعویٰ کر دیا

10-19-2024

(لاہور نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کیلئے ہمارے نمبرز پورے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا  کہ آئینی ترمیم کا مقصد پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنا تاکہ تمام ادارے اپنے حدود میں رہ کر کام کریں جب کہ ارکان اسمبلی کے غائب ہونے کا جعلی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الحمداللہ ! آئینی ترمیم کے لئے ہمارے نمبرز پورے ہیں، ایک متفقہ مسودہ تیار ہوا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ترمیم کی حمایت کریں، کوشش ہے کہ آج ہی آئینی ترامیم ہو جائیں، سیاسی جماعتوں کی تجاویز آئین اور قانون کے تحت آرہی ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ کچھ لوگ اغوا ہوئے ہیں، بتایا جائے کوئی خاتون اغوا ہوئی ہے یا پھر کوئی اور ہوا ہے، سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں، یہ جعلی بیانیہ بنانے والی پارٹی ہی اس قسم کے بیان یا کہانی بنارہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں جو واقعہ ہوا، اس کا انجام کیا ہوا، وہ سارا جھوٹ آپ کے سامنے آ گیا، یہ جب حکومت میں تھے اور اب جب حکومت سے باہر ہیں تو انہوں نے جعلی بیانیہ بنانے کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے۔ وزیر دفاع  نے کہا کہ سب لوگ اپنے گھروں میں موجود ہیں اور ٹیلی فون پر بھی دستیاب ہیں، یہ لوگ پتہ نہیں کس بات کا رونا رو رہے ہیں، ان کو نظر آرہا ہے یہ ترمیم پاس ہو جائے گی اور انہوں نے جو پناہ گاہیں بنائی ہوئی ہیں وہ ان کو میسر نہیں ہوں گی۔