وزیراعظم کا فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کیخلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

10-19-2024

(لاہور نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی پذیرائی کی ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم وطن عزیز کو فتنہ الخوارج سے پاک کرنے کیلئے دن رات سرگرمِ عمل پاک فوج کے افسران و جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے دشمنوں کے ملک میں انتشار و بدامنی پھیلانے کے عزائم کو خاک میں ملانے کے مشن میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ادھر وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگردوں کو جہنم واصل اور 5 دہشتگردوں کی گرفتاری پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی۔ اپنے بیان میں وزیرداخلہ نے کہا بہادر سکیورٹی فورسز  نے ایک بار پھر کامیاب آپریشنز کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کرنے والے سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوت قوم کے ہیرو ہیں، قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے قوم پر عزم ہے، قوم کو سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر ناز ہے۔