بریسٹ کینسر بارے غلط فہمیوں کو دور کرنے، آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

10-19-2024

(لاہور نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے بریسٹ کینسر بارے غلط فہمیوں کو دور کرنے، آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بریسٹ کینسر کے خلاف عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ بریسٹ کینسر کا دن منانے کا مقصد شعور اجاگر کرنا، بروقت تشخیص اور علاج کو فروغ دینا ہے، چھاتی کا کینسر خواتین میں سب سے زیادہ تشخیص ہونے والا کینسر ہے، کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک میں خواتین میں موت کی سب سے بڑی وجہ بریسٹ کینسر ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا چھاتی کے کینسر کے واقعات جنوبی ایشیائی ممالک میں زیادہ عام ہیں، چھاتی کا کینسر عام ہونے کی بڑی وجہ خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کی کمی ہے، ہمارے ملک میں ہر نو میں سے ایک خاتون کو چھاتی کے سرطان کا خطرہ ہے، بریسٹ کینسر کی دیر سے تشخیص موت کی شرح میں کافی اضافہ کرتی ہے۔  صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا پاکستان میں میموگرافک سکریننگ کی دستیابی کیلئے وسیع تر کوششوں کی ضرورت ہے، پالیسی سازوں اور صحت کے حکام کو بیماریوں پر قابو پانے کیلئے منصوبہ بندی کرنا ہو گی، پاکستان کو بہتر علاج اور مریضوں کی انفرادی دیکھ بھال کو ترجیح دینے کی ضرورت ہے، خواتین کو سکریننگ اور جلد تشخیصی خدمات تک رسائی یقینی بنانا ہو گی۔