سلمان اکرم راجا کو عمران خان سے ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی: شیخ وقاص
10-19-2024
(لاہور نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ سلمان اکرم راجا کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جارہی۔
مائیکر بلاگنگ ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے صرف چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سینیٹر علی ظفر کلیئر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل حکام سلمان اکرم راجا کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں دے رہے جبکہ بیرسٹر گوہر جیل کے باہر کھڑے ہیں، صاحبزادہ حامد رضا بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس وقت تک نہیں جائیں گے جب تک ان کی طرف سے دیئے گئے تمام نام بانی پی ٹی آئی سے ملنے کے لیے کلیئر نہیں ہو جاتے۔