بلاول بھٹو کی رات گئے فضل الرحمان سے ملاقات، آئینی ترمیم پر منانے کی کوششیں

10-19-2024

(لاہور نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری رات گئے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترامیم پر منانے کیلئے پھر ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نوید قمر، مرتضیٰ وہاب اور جمیل سومرو بھی تھے، دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی آئینی ترامیم پر ایک گھنٹے سے زائد مشاورت ہوئی۔ بلاول بھٹو نے فضل الرحمان سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ خواہش تھی کہ اس ترمیم پر آپ ہماری حمایت کرتے۔ جے یو آئی کے سربراہ نے جواب میں کہا کہ تحریک انصاف نے بانی سے مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے، ترمیم کے لئے حکومت کا طریقہ کار درست نہیں۔ یاد رہے کہ یہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی مولانا فضل الرحمان سے ایک روز میں یہ دوسری ملاقات ہے۔