صنعتکاروں نے آئی پی پیز سے معاہدوں سے متعلق اہم مطالبہ کردیا

10-18-2024

(ویب ڈیسک)صنعت کاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ مزید آئی پی پیز سے معاہدے منسوخ کیے جائیں تو بجلی دس روپے فی یونٹ مزید سستی ہو گی۔

آئی پی پیز ایشو پر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس کے ریجنل چیئرمین ذکی اعجاز نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 2025 ہماری معیشت کی بہتری کاسال ہے، بلند شرح سود کی وجہ سے 27 ارب ڈالر کے برابر رقوم بنکوں میں پڑے ہیں ، شرح سود کم ہو گی تو سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔ ذکی اعجاز کا کہنا تھا کہ آئی پی پیز کا معاملہ بہت اہم ہے، ابھی صرف پانچ آئی پی پیز کا معاملہ طے ہوا ہے، مجموعی طور پر 102 آئی پی پیز ہیں، سب کے معاملات بہتر کئے جائیں، بنکوں کا شرح سود مزید کم کیا جائے، ٹیکس اہداف کے لئے کاروباری افراد کی پکڑ دھکڑ کی جا رہی ہے جو قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مزید معاہدے منسوخ ہوں تو بجلی دس روپے فی یونٹ مزید سستی ہو گی، تمام اخراجات کے ساتھ بجلی نرخ 26روپے فی یونٹ سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں، جتنا جلدی ہو سکے آئی پی پیز معاہدوں پر نظر ثانی کریں، مہنگی بجلی سے صنعت بند ہو رہی ہے۔