آئینی ترمیم اپنی سیاسی طاقت پر کر کے دکھائیں گے: بلاول بھٹو

10-18-2024

(لاہور نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم اپنی سیاسی طاقت پر کر کے دکھائیں گے۔

پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی، (ن) لیگ، جے یو آئی کا مسودے پر اتفاق ہو چکا ہے، ہم جلد آئین سازی کو منظور کرانے کی پوزیشن میں ہوں گے، جے یو آئی  نے ہمیشہ آئین سازی میں ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتفاق رائے کے بعد جو شکایات سامنےآئی ہیں ان کی مذمت کرتے ہیں، مولانا کے جائز مطالبات کل وزیر اعظم کے سامنے رکھے تھے، امید ہے وزیر اعظم مولانا کے مطالبات پورے کریں گے، میثاق جمہوریت میں کیے وعدے پورے کرنے جا رہے ہیں، ہم آئین سازی کی طرف بڑھتے جا رہے ہیں، اتفاق رائے تقریباً ہو چکا ہے۔ قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی کی مشترکہ پارلیمانی کا اجلاس ہوا جس میں آصفہ بھٹو، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، سید خورشید شاہ، شازیہ مری، سید نوید قمر اور دیگر شریک تھے، اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری نے شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کیا اورشہدائے کارساز کے لئے دعا کی گئی۔ دوران اجلاس آصفہ بھٹو  نے بلاول بھٹو کو پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی پالیمنٹیرینز کے مشترکہ اتحاد کا پارلیمانی لیڈر منتخب کرنے کی تجویز دی، آصفہ بھٹو کی تجویز پر بلاول بھٹو کو متفقہ طور پر پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے مشترکہ اتحاد کا پارلیمانی لیڈر منتخب کر لیا گیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے پی پی قیادت اور اراکین اسمبلی کو سوموار تک اسلام آباد میں رکنے کی ہدایت کی اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بارے اراکین کو آگاہ کیا۔ دوران ا جلاس گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میری کوشش ہے یہ آئینی ترمیم بغیر لوٹوں کے کرواؤں، مولانا سے بات ہوئی ہے امید ہے مولانا ہمارا ساتھ دیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی اور مولانا فضل الرحمان کی پارٹی نے 1973 سے آئین کے لئے جدو جہد کی ہے، جے یو ائی کے چند تحفظات ہیں دور کر دیں گے۔