سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس، گواہ سیف المرتضٰی آئندہ سماعت پر عدالت طلب

10-18-2024

(لاہور نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں انسداد دہشتگردی عدالت نے گواہ سیف المرتضٰی کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

انسداد دہشتگردی عدالت میں دس سال پرانے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر سماعت ہوئی، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت پراسیکیوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی کے رکن سابق ایس پی سیف المرتضٰی شہادت قلمبند کرانے کیلئے پیش نہیں ہوئے، سابق ایس پی سیف المرتضٰی کا آنکھ کا آپریشن ہے، وہ ہسپتال داخل ہیں اس لئے آج وہ شہادت قلمبند کرانے کیلئے پیش نہیں ہو  سکتے۔ پراسیکیوشن نے کیس کی سماعت مؤخر کرنے کی استدعا کی، عدالت نے کیس پر سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور آئندہ سماعت پر گواہ سیف المرتضٰی کو طلب کر لیا، پاکستان عوامی تحریک کے وکیل مخدوم مجید حسین گواہ سے جرح کیلئے طلب کر لئے گئے۔ واضح رہے کہ اب تک مجموعی طور پر سانحہ ماڈل ٹاؤن میں 107 گواہان کی شہادت قلمبند ہو چکی ہے، پاکستان عوامی تحریک نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیخلاف استغاثہ بھی دائر کر رکھا ہے۔