عمران خان اور کارکنان کی رہائی کیلئے کل بھرپور احتجاج کرینگے: علی امین گنڈاپور

10-17-2024

(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ کل بانی پی ٹی آئی عمران خان اور گرفتار کارکنان کی رہائی کیلئے بھرپور پر امن احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی کارکنان کے نام اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ 18 اکتوبر کو نماز جمعہ کے بعد ہر شہر میں بھرپور طریقے سے نکلنا ہے، ملک بھر میں پر امن احتجاج کرنا ہے، بانی پی ٹی آئی، ورکروں اور لیڈروں کی رہائی کےلیے احتجاج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی، عمران خان سے ملاقات نہ کرانے کے خلاف بھی احتجاج کریں، آپ لوگوں نے نکل کر پر امن احتجاج کرنا ہے، ایک غیر آئینی ترامیم کی جا رہی ہے اس کیخلاف بھی آواز اٹھانی ہے، آج آواز نہ اٹھائی تو ہماری نسلیں بھی ان حالات سے گزریں گی۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جو اس وقت فیصلے کر رہے ہیں ان کو پیغام دیتا ہوں ایسے فیصلے نہ کریں جو اس ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، آپ ان فیصلوں کے جوابدہ ہیں، آپ کو جواب دینا پڑے گا، ان فیصلوں سے ملک و قوم کے جو نقصانات ہو رہے ہیں اس کی ذمہ داری آپ پر عائد ہو گی۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا  نے مزید کہا کہ حق، سچ اور حقیقی آزادی کیساتھ آئین کے تحفظ کیلئے کھڑے تھے کھڑے ہیں اور رہیں گے، بھرپور طریقے سے ملک کے ہر شہر میں پر امن احتجاج کی اپیل کر رہا ہوں، دنیا کو پیغام دینا ہے کہ زندہ اور آزاد قوم ہیں، اپنے حق کیلئے کھڑے ہیں۔