چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس میں تعاون کے فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط
10-17-2024
(لاہور نیوز) چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس کے مابین باہمی تعاون کے فروغ کیلئے ایم او یو پر دستخط ہو گئے۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو سارہ احمد کی آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات ہوئی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے باہمی تعاون کے فروغ کے لئے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق ایم او یو کے تحت بچوں پر تشدد، زیادتی اور ٹریفکنگ کے کیسز میں انفارمیشن شیئرنگ کی جائے گی، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس کی ٹیمیں بھکاری مافیا کے خلاف مشترکہ کریک ڈاؤن میں مزید تیزی لائیں گی، بچوں سے متعلقہ کریمینل کیسز میں ایف آئی آر کیلئے تمام اضلاع میں پولیس کے فوکل پرسن تعینات کئے جائیں گے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پنجاب پولیس نومولود لاوارث بچوں کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو منتقل کرے گی، پنجاب پولیس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو بچوں کے استحصال، تشدد اور زیادتی سے بچاؤ کیلئے مشترکہ اقدامات کریں گے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس کے سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ٹریننگ سیشن بھی کروائے جائیں گے، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور پنجاب پولیس کے ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی پیشہ ورانہ تعاون کو وسعت دیں گے۔