''مہمان نوازی کا شکریہ'' انڈین وزیر خارجہ جے شنکر واپس روانہ
10-16-2024
(لاہور نیوز) بھارت کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر پاکستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس میں شرکت کے بعد واپس بھارت روانہ ہو گئے۔
ڈاکٹر جے شنکر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ اسلام آباد سے واپس روانہ، وزیر اعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستان حکومت کی مہمان نوازی کا شکریہ جبکہ اپنی پوسٹ میں انہوں نے اسلام آباد سے واپس انڈیا روانگی کی تصاویر بھی شیئر کیں۔ واضح رہے انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر منگل کے روز پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے تھے جہاں انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں انڈیا کی نمائندگی کی۔ جے شنکر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پاکستان دورے کے دوران مصروفیات کی تفصیلات شیئر کرتے رہے جن میں ان کی اسلام آباد آمد پر استقبال اور ایس سی او کے دوران سائڈ لائن ملاقاتوں کی تصاویر بھی شامل تھیں۔