رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر 15 لاکھ سے زائد چالان

10-16-2024

(لاہور نیوز) رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 15 لاکھ 25 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کئے گئے۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کے احکامات پر بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، رواں سال بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف کارروائیوں میں 188 فیصد اضافہ ہوا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق لاہور ٹریفک پولیس نے 4 لاکھ 96 ہزار سے زائد شہریوں کو بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر چالان ٹکٹ جاری کئے، ٹریفک پولیس گوجرانوالہ نے 1 لاکھ 65 ہزار 402، فیصل آباد نے 1 لاکھ 46 ہزار اور راولپنڈی نے 1 لاکھ 30 ہزار شہریوں کو بغیر لائسنس پر جرمانے کئے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک مرزا فاران بیگ کا کہنا ہے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھیں، صوبہ بھر میں ناکہ جات لگا کر لائسنس کی چیکنگ کو یقینی بنایا جائے، بغیر لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے والے حادثات کا سبب بنتے ہیں، بغیر لائسنس گاڑی چلانے والوں کے خلاف 2000 کے جرمانے اور قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا مزید کہنا تھا جرمانے اور قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے شہری اپنا ڈرائیونگ لائسنس بنوائیں، شہری ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلئے آن لائن ڈیجیٹل پورٹل خدمت مراکز اور لائسنس سینٹر کی سہولیات سے فائدہ اٹھائیں، شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔